نئی دہلی ، 2؍اکتوبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج سنیچر کو انڈین موبائل کانفرنس (آئی ایم سی) کے چار روزہ پروگرام کا افتتاح کرنے کے ساتھ ساتھ ملک میں 5 جی موبائل خدمات کا آغاز کر دیا۔ جس کے ساتھ ہی ہندوستان ٹیکنالوجی کے ایک نئے دور میں داخل ہو گیا ہے۔ یہ آئی ایم سی کا چھٹا ایڈیشن ہے، اس کی تھیم ’نیو ڈیجیٹل ورلڈ‘ ہے۔ اس تعلق سے نئی دہلی کے پرگتی میدان میں کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا۔
سن 2035 تک ہندوستان پر 5G کا کل اقتصادی اثر 450 بلین امریکی ڈالر تک ہونے کا اندازہ ہے۔ 4جی کے مقابلے میں، 5جی نیٹ ورک کئی گنا تیز رفتار ہے اور بلا رکاوٹ خدمات فراہم کرتا ہے۔ یہ اربوں منسلک آلات کو حقیقی وقت میں ڈیٹا کا اشتراک کرنے کے قابل بھی بناتا ہے۔
ایک سرکاری ریلیز کے مطابق 5 جی ٹیلی کام نیٹ ورک سے موبائل ڈیٹا کا بہاؤ کئی گنا تیز ہو گا اور لوگوں کو عالمی معیار کی قابل اعتماد مواصلاتی سہولیات میسر ہوں گی۔ 5 جی ٹیکنالوجی توانائی کی کارکردگی اور اسپیکٹرم اور نیٹ ورک کے استعمال کو بہتر بنائے گی۔
پروگرام میں وزیراعظم نریندرا مودی نے فائیو جی خدمات کو نہ صرف لانچ کیا بلکہ اس کا تجربہ بھی کیا۔ انہوں نے جانا کہ اسے کس طرح استعمال کیا جائے گا۔ 5جی کی رفتار 4جی سے 10 گنا زیادہ ہوگی۔ اسے بہتر آواز کے معیار اور کنیکٹیویٹی کے ساتھ لایا گیا ہے۔
قبل ازیں، وزیر اعظم نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’اب سے تھوڑی دیر میں انڈین موبائل کانگریس شروع ہو رہی ہے, جہاں ہندوستان کا 5G انقلاب شروع ہونے جا رہا ہے۔ میں خاص طور پر ٹیکنالوجی کی دنیا سے تعلق رکھنے والوں، میرے نوجوان دوستوں اور اسٹارٹ اپ دنیا سے اس خصوصی پروگرام میں شامل ہونے کی درخواست کرتا ہوں۔‘‘